۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
قونصلیٹ لاہور

حوزه/ قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوریہ ایران لاہور کے زیراہتمام خانہ فرہنگ لاہور میں یوم القدس اور نزول قرآن کی مناسبت سے ایک روحانی محفل کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ایران سے خصوصی طور پر آئے ہوئے قاریوں نے شرکت کی.

حوزہ نیوز ایجنسی کے لاہور سے اعزازی رپورٹر کے مطابق قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوریہ ایران لاہور کے زیراہتمام خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران لاہور میں یوم القدس اور نزول قرآن کی مناسبت سے ایک روحانی محفل کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ایران سے خصوصی طور پر آئے ہوئے قاریوں نے شرکت کی اور کلام الٰہی کے منفرد انداز سے محفل کے شرکا پر قرآنی سرور طاری کر دیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور تھے۔ اس کے علاوہ عبدالغفار عزیز  امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان، مولانا عاصم مخدوم چئیرمین کل علما مسالک بورڈ، میاں عمران مسعود سابق وزیر تعلیم و وائس چانسلر ساوتھ ایشیا یونیورسٹی لاہور، مولانا شاہد حسین نقوی، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما آغا مبارک موسوی،  لعل مہدی خان، مفتی فہیم التھانوی جامعہ اشرفیہ، مولانا شعیب الرحمان دارالعلوم حنفیہ لبرٹی لاہور، علامہ مفتی شبیر انجم، پیر معصوم حسین شاہ نقوی سمیت علماء و مشائخ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین جتنا فلسطینیوں کا ہے اتنا ہی ہمارا  بھی ہے، اس کیلئے ہم سب مسلمانوں کو چاہئے کہ مل کر جدوجہد کریں۔ ایران کیخلاف سازشوں کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ہم اس بارے میں اچھا چاہتے ہیں اور تحریک انصاف کی حکومت اس بارے میں اچھی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں جب برطانوی پارلیمنٹ کا رکن تھا تو وہاں جتنا میں پاکستان کے معاملات کا دفاع کرتا اتنہا ہی ایران کا بھی دفاع کرتا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین جانے کا اتفاق ہوا، وہاں اسرائیلی فائرنگ سے چند فلسطینی نوجوان زخمی ہو گئے، ہم ہسپتال میں ان بچوں کی عیادت کرنے چلے گئے، میں نے بچوں سے پوچھا کہ صحتیاب ہو کر کیا کرو گے، تو انہوں نے جواب دیا ہم دوبارہ اسرائیلی فوج پر پتھراو کریں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ جذبہ فلسطینی قوم کا ہے، جس قوم میں جذبہ شہادت ہو، اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ میں فلسطین کی مسجد کے امام سے بھی ملا، اس سے پوچھا آپ دنیا کو کوئی پیغام دینا چاہتے ہیں تو فلسطینی عالم نے کہا کہ میرا پیغام مسیحوں کیلئے ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے یہاں بیت المقدس سے امن کا پیغام دیا تھا، آج اسرائیل اسی جائے امن کو خون آلود کر رہا ہے، لہذا دنیا کے مسیحی اٹھیں اور دوبارہ یروشلم کو امن کا گہوارہ بنا دیں۔ اور مسلمانوں کیلئے انہوں نے پیغام دیا کہ وہ متحد ہوجائیں جس دن مسلمان متحد ہو گئے اور عربی و عجمی کا فرق ختم ہو گیا فلسطین اسی دن آزاد ہو جائے گا۔

قونصل جنرل ایران محمد رضا ناظری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی جمہوری ایران کا موقف تمام کمیونٹی اور بین الاقوامی آرگنائزیشنز میں صیہونستی رژیم کے مقابلے میں فلسطین کی حمایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ 40 سال سے ایران کو مٹانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے لیکن کامیاب نہیں ہوا، اسے مستقبل میں بھی کامیابی نہیں ملے گی کیوں کہ گزشتہ 40 سال سے جو بھی ایران  کو مٹانے کیلئے آگے آیا وہ خود مٹ گیا لیکن ایران آج بھی قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی میں امریکہ آگ لگانے کے خواب دیکھ رہا ہے مگر ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ایران اپنے ہمسایوں کیساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، سعودی عرب ہمارا ہمسایہ ہے، ہم نے ہمیشہ سعودی عرب کو وحدت کا پیغام دیا ہے، اب بھی ہمارے سعودی عرب کیساتھ تعلقات بہتر ہو جائیں گے مگر امریکہ کو اس علاقے سے کوئی تعلق ہی نہیں، اسے اس علاقے سے جانا ہوگا۔

انہوں نے کہا فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیساتھ ایران کھڑا ہے، امام خمینی نے یوم القدس کی شکل میں ایسی کنجی دیدی ہے کہ امریکہ ہزار کوشش کے باوجود مسئلہ فلسطین کو فراموش نہیں کر سکتا، یوم القدس ہر سال فلسطینی مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کو نئی زندگی دیدیتا ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .